معیشت

میثاق معیشت وقت کاتقاضہ ،سیاسی جماعتوں کواس سلسلے میں کوششیں کرنی چاہئیں‘ شندانہ گلزار خان

لاہور( این این آئی)وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے تجارتی امور شندانہ گلزارخان نے کہاہے کہ حکومت کو خراب قومی معیشت ورثے میں ملی ،میثاق معیشت وقت کاتقاضہ ہے اورتمام سیاسی جماعتوں کواس سلسلے میں کوششیں کرنی چاہئیں۔

سرکاری ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف واحد سیاسی جماعت ہے جس کے ارکان کوپارٹی اجلاسوں کے دوران اپنے تحفظات کے اظہارکی مکمل آزادی حاصل ہے اور یہی جمہوری رویہ ہے ۔شندانہ گلزارنے کہاکہ شدیدمالیاتی مسائل مختلف مصنوعات پراعانت کی فراہمی کی راہ میں رکاوٹ ہیں لیکن اس کے باوجود حکومت بھرپور کوششیں کر رہی ہے ۔

لوگوں کوروزمرہ کی اشیا ءسستے نرخوں پرفراہم کرنے کے لئے حکومت نے دوارب روپے مالیت کے رمضان پیکج کی منظوری دی ہے ۔انہوں نے کہاکہ حزب اختلاف پارلیمنٹ میں عوامی مسائل اورقانو ن سازی پرتوجہ مرکوزکرنے کی بجائے اپنے ذاتی مفادات کے تحفظ کے لئے شورمچارہی ہے۔

ایک سوال پرانہوں نے کہاکہ میثاق معیشت وقت کاتقاضاہے اورتمام سیاسی جماعتوں کواس سلسلے میں کوششیں کرنی چاہئیں۔