لاہور ( این این آئی) صوبائی دارلحکومت میں داتا دربار کے باہر خود کش حملے میں شہید پولیس کانسٹیبل محمد صدام حسین کی نماز جنازہ پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میں ادا کر دی گئی جس میں کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل ماجد احسان، ڈی جی رینجرز میجر جنرل ثاقب محمود ملک ، انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز خان ، ایڈیشنل آئی جیز،ڈی آئی جیز، سی سی پی او، ایس ایس پیز اور دیگر پولیس افسران اور جوانوں نے شرکت کی ۔پولیس کے چاک و چوبند دستے نے شہید کے جسد خاکی کو سلامی پیش کیا ۔
اس موقع پر مرحوم کے درجات کی بلندی کے لئے دعائیں کی گئیں ۔پولیس افسان کی طرف سے شہید کے جسد خاکی پر پھولوں کی چادریں چڑھائی گئیں۔ترجمان پولیس کے مطابق شہید کی مکمل سرکاری اعزاز کے ساتھ آبائی علاقے قصور میں تدفین کر دی گئی ہے ۔