لاہور ( این این آئی) پیپلز پارٹی کے پنجاب اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر سید حسن مرتضیٰ نے کہا ہے کہ رجسٹرڈ چور ملک آئی ایم ایف کے حوالے کرنے کے بعد بھی ڈھٹائی دکھا رہے ہیں ،نیازی کے چمچے دوسروں پر الزام لگانے سے پہلے اپنا جھوٹ پر مبنی منشور پڑھ لیں۔
انہوں نے حکومت پنجاب کے ترجمان کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شیخ چلی کی معیشت کی چاٹی بیچ بازار پھوٹ چکی ہے، نیازی کے چمچے دوسروں پر الزام لگانے سے پہلے اپنا جھوٹ پر مبنی منشور پڑھ لیں، شہباز گل برساتی مینڈک ہے، پانی سوکھتے ہی کیچڑ میں غائب ہو جائے گا، عمران نیازی کا خیالی نیا پاکستان بسا ہی نہیں تو شہباز گل جیسے اچکے پڑ گئے۔حسن مرتضیٰ نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی ہر حکومت نے عوامی خدمت کی بنیاد پر معیشت کھڑی کی،
نیازی سرکار عمران نیازی کے سہولت کاروں کی لوٹ مار کیلئے پالیسیاں بنا رہی ہے، آصف زرداری کی قیادت میں پی پی حکومت نے سرکاری ملازمین کی تنخواہیں 138 فی صد بڑھائیں، فوجی جوانوں کی تنخواہوں میں ہماری حکومت نے دو گنا اضافہ کیا تھا، گندم کی امدادی قیمت بڑھا کر آصف زرداری نے کسان کو خوشحال کیا، 67لاکھ لوگوں کو نوکریاں دے کر پی پی پی نے ایک تاریخ رقم کی، اب یہ رجسٹرڈ چور آچکے اور ہمیں درس دے رہے ہیں کہ معیشت کیا ہوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک آئی ایم ایف کے حوالے کرنے کے بعد بھی ڈھٹائی دکھا رہے ہیں ، انہیں چلو بھر پانی میں ڈوبنا چاہئے مگر ڈوبتے شرم والے ہیں یہ تو عالمی ڈھیٹ ہیں۔