لاہور(این این آئی)تحریک انصاف کے مرکزی رہنما جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ ملک کو درپیش انتہائی گھمبیر حالات کی وجہ سے حکومت کو غیر معمولی فیصلے کرنا پڑ رہے ہیں ،
وزیر اعظم عمران خان سچا اور کھرا لیڈر ہے اور انشا اللہ ان کی قیادت ملک کی تقدیر ضرور بدلے گی ،سابقہ دور میں ذاتی مفادات کو مد نظر رکھ کر فیصلے کئے گئے جس کی وجہ سے ملک کی بنیادیں تک ہل گئیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے حلقہ این اے 127کے دفتر میں ملاقات کےلئے آنے والے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ حکومت عوام کی مشکلا ت سے بخوبی آگاہ ہے اور انشا اللہ انہیں ریلیف فراہم کرنے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھے گی ۔ملک کو اس وقت غیر معمولی حالات کا سامنا ہے اور اسی وجہ سے حکومت کو غیر معمولی فیصلے لینے پڑ رہے ہیں۔ وزیر اعظم عمران خان کا وعدہ ہے کہ ہم نے ملک کی سمت کو درست کرنا ہے اور اس کے لئے دن رات کوششیں ہو رہی ہیں۔ انشا اللہ پی ٹی آئی کی حکومت عوام کے اعتماد کو بحال کرے گی اور ٹیکسز سے حاصل ہونے والی آمدنی کو ملک اور عوام کی فلاح و بہبود پر خرچ کیا جائے گا۔ جمشید اقبال چیمہ نے کہاکہ اگر ملک پر قرضوں کا بوجھ اور معیشت آئی سی یو میں نہ پڑی ہوتی تو موجودہ حکومت نے کسی طو رپر بھی آئی ایم ایف سے رجوع نہیں کرنا تھا ، حکومت کی کوشش ہے کہ پسے ہوئے طبقات پر مزید بوجھ نہ پڑے اور اس کےلئے ہر ممکنہ اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔