اقتصادی زونز

سرمایہ کاری بورڈ نے سی پیک کے تحت سات مخصوص اقتصادی زونز کی تیز تعمیر کیلئے حکمت عملی مرتب کرلی

اسلام آباد (اے پی پی) سرمایہ کاری بورڈ نے آئندہ دو سال کے دوران سی پیک کے تحت تعمیر کیے جانے والے سات مخصوص اقتصادی زونز کی تیز ترین تعمیر کیلئے جامع حکمت عملی مرتب کرلی ہے ۔

چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے (سی پیک) کے سیکرٹریٹ کے طور پر سرمایہ کاری بورڈ نے 9 مخصوصی اقتصادی زونز کی نشاندہی کی تھی تاہم 7 زونز کا نوٹیفیکیشن جاری کیا گیا ہے۔ سرمایہ کاری بورڈ کے چیئرمین ہارون شریف نے کہا ہے کہ ان اقتصادی زونز میں زمین کے حصول ، یوٹیلیٹی سروسز، سیکورٹی اور بنیادی ڈھانچے کے مسائل کے خاتمے کیلئے ہنگامی اقدامات کیے جائیں گے تاکہ مقررہ وقت میں ان کی تکمیل کو یقینی بنایا جا سکے ۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی سابق حکومت نے خصوصی زونز کی تعمیر کے حوالے سے مسائل کے خاتمہ پر کوئی توجہ نہیں دی تھی جس سے ان کی تعمیر میں تاخیر ہوئی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ پہلے راشکئی، ایم ون نوشہرہ اور چائنہ سپیشل اکنامک زون دھابیجی کے تین زونز پرخصوصی توجہ دی جائیگی جس کے بعد ایم تھری علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی اور فیصل آباد زونز پر دوسرے مرحلہ میں خصوصی اقدامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ مخصوص اقتصادی زونز کی تعمیر سے ملک میں مقامی و غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ میں صنعتی و تجارتی سرگرمیوں میں بھی اضافہ ہوگا اور روز گار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔