چینی باشندوں

شادی سکینڈل، عدالت کا گرفتار 11 چینی باشندوں کو ستائیس مئی تک جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم

لاہور ( این این آئی) لاہور کی ضلع کچہری کی عدالت نے پاکستانی لڑکیوں سے شادی کر کے بلیک میل کرنے کے سکینڈل میں گرفتار 11 چینی باشندوں کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستانی لڑکیوں سے شادی کرکے غیر اخلاقی کام کروانے میں ملوث گیارہ چائنیز باشندوں کو دو روزہ جسمانی ریمانڈ کے بعد ضلع کچہری پیش کیا گیا،جہاں تفتیشی رپورٹ نے اپنی رپورٹ عدالت میں پیش کی۔

ایف آئی اے تفتیشی افسر نے چائنیز نوجوان پاکستانی ایجنٹوں سے ملکر پاکستانی لڑکیوں سے شادی کرتے تھے اور شادی کے بعد ملزمان منظم گروہ بنا کر پاکستانی لڑکیوں سے غیر اخلاقی کام کراتے۔اس موقع پر ایف آئی اے حکام نے موقف اختیار کیا کہ ملزمان کے مزید ساتھیوں کی گرفتاری اور متاثرین کو شامل تفتیش کرنا ہے، لہٰذا ان کا جوڈیشل ریمانڈ دیا جائے، جس پرعدالت نے گیارہ چینی باشندوں کو چودہ روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا تے ہوئے ملزمان کو 27مئی کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیا۔

یاد رہے کہ ایف آئی اے نے آٹھ مئی کو کارروائی کرتے ہوئے پاکستانی لڑکیوں سے شادی کرکے غیراخلاقی کام کرانے میں ملوث گیارہ چائنیز سمیت تیرہ ملزمان کو گرفتار کیا تھا۔جبکہ مقدمہ میں ملوث 2پاکستانی ملزمان شوکت علی اور محمد انصر جوڈیشل ریمانڈ پر جیل میں ہیں۔