سہولتوں کی فراہمی

پی ٹی آئی کی حکومت وسائل کی ایک ایک پائی ایمانداری سے عوام کو سہولتوں کی فراہمی پر صرف کررہی ہے’میاں اسلم اقبال

لاہور ( این این آئی) صوبائی وزیرصنعت وتجارت میاں اسلم اقبال نے شاد باغ اور چائنہ سکیم میں لگائے گئے رمضان بازاروں کا دورہ کیا۔

وہ رمضان بازاروں میں مختلف سٹالز پر گئے اور اشیاضروریہ کی قیمتوں،معیار اور دستیابی کا جائزہ لیا۔صوبائی وزیر نے آٹے اور چینی کے سٹالز کا بھی دورہ کیا اور رمضان بازاروں میں لگائی گئی ایگریکلچر فیئر پرائس شاپس پر دالوں ،سبزیوں اور پھلوںکی قیمتوں کو چیک کیا۔صوبائی وزیر نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلی پنجاب کی ہدایت پر ماہ رمضان میں صارفین کے حقوق کے تحفظ کے لئے پوری حکومتی مشینری فیلڈ میں موجود ہے اور رمضان بازاروں وکھلی مارکیٹوں کی مکمل مانیٹرنگ کی جارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ رمضان بازار درحقیقت سستے بازار ہیں جو کمزور طبقات کو ریلیف کی فراہمی کے لئے لگائے گئے ہیں۔رمضان بازاروں میں اشیائ خوردونوش عام مارکیٹوںسے کہیں کم قیمت پر دستیاب ہیں اور حکومت عام آدمی کو ریلیف کی فراہمی کے لئے اربوں روپے کی سبسڈی دے رہی ہے۔

اسی لئے رمضان بازاروں میں بے پناہ رش ہے اور ہم بہتر مینجمنٹ کے ذریعے اسے کنٹرول کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عام آدمی کا مفاد بے حد مقدم ہے ۔اس لئے ذخیرہ اندوزوں اور گراں فروشوں کے لئے کوئی رعایت اور معافی نہیں ہے۔مصنوعی مہنگائی پیدا کرکے عوام کا استحصال کرنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا۔صوبائی وزیر نے ہدایت کی کہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس مقررہ نرخوں پر اشیائے ضروریہ کی فروخت کو یقینی بنانے کے لئے اپنے فرائض تندہی اور ایمانداری سے سرانجام دیں۔انہوں نے کہا کہ صوبے بھر میں لگائے گئے 309رمضان بازاروں کے ذریعے عام آدمی کو حقیقی ریلیف مل رہا ہے اور اربوں روپے کی سبسڈی سے غریب اور نادار اور مستفید ہورہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سرکاری خزانے عوام کے لئے ہیں،عام آدمی کو رمضان بازاروں میں ریلیف کی فراہمی کے لئے جتنی سبسڈی دینا پڑی دیں گے۔ میاں اسلم اقبال نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت وسائل کی ایک ایک پائی ایمانداری سے عوام کو سہولتوں کی فراہمی پر صرف کررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ مانیٹرنگ کے موثر میکنزم کے ذریعے رمضان بازاروں اور کھلی مارکیٹوںمیںاشیائ خوردونوش کی قیمتوں،معیار اور دستیابی پر کڑی نظر رکھی جارہی ہے۔صوبائی وزیر نے رمضان بازاروں میں صارفین سے بھی گفتگو کی اور ان سے رمضان بازاروں میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں اور دستیابی کے بارے میں دریافت کیا۔صارفین نے رمضان بازاروںپر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کا عام آدمی کو ریلیف کی فراہمی کے حوالے سے رمضان بازاروںکے قیام کا اقدام خوش آئند ہے۔