فردوس باجی

فردوس باجی کے وزیر اعظم نے ایمنسٹی سکیم کی صورت میں علیمہ باجی اور جہانگیرترین کو این آر او دیا ہے‘عظمیٰ بخاری

لاہور ( این این آئی) مسلم لیگ (ن) پنجاب کی سیکرٹری اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ فردوس باجی کے وزیر اعظم نے ایمنسٹی سکیم کی صورت میں علیمہ باجی اور جہانگیرترین کو این آر او دیا ہے،نا اہل حکومت کو جمہوریت کی وجہ سے اب تک برداشت کررہے ہیں لیکن عید کے بعد تبدیلی سرکارکو ریورس گیئر لگنے والا ہے۔

انہوں نے فردوس عاشق اعوان کے بیان پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان چند ماہ قبل ایمنسٹی سکیم کو چوروں ڈاکوﺅں کی سکیم قراردیتے رہے ،فردوس باجی بتائیں اب کن کن چوروں ڈاکوﺅں کی بلیک منی کو تحفظ فراہم کیا ہے،کٹھ پتلی وزیر اعظم ابھی تک اپنی اے ٹی ایم کو خوش کرنے کی ڈیوٹی سر انجام دے رہے ہیں،فردوس باجی کے وزیر اعظم نے ایمنسٹی سکیم کی صورت میں علیمہ باجی اور جہانگیرترین کو این آر او دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومتی ترجمانوں کو ملکی مسائل سے زیادہ اپوزیشن کی فکر کھائے جا رہی ہے، ہم اس جمہوری سسٹم کو چلتے دیکھنا چاہتے ہیں لیکن عمران اینڈ کمپنی خود سب سے بڑے جمہوریت کے دشمن ہیں،ہم نے جمہوری کی مضبوطی کےلئے حلف اٹھائے، 35پنکچر اور چار حلقوں کاشور مچانے والوں کی طرح اسمبلیوں سے استعفے نہیں دیئے ۔

عظمی بخاری نے کہا کہ ہم نا اہل حکومت کو جمہوریت کی وجہ سے اب تک برداشت کررہے ہیں، عید کے بعد تبدیلی سرکارکو ریورس گیئر لگنے والا ہے، ہم نا اہلوں کو برداشت کررہے ہیں لیکن قوم زیادہ دیر نہیں کرے گی۔