سقم موجود

نیب قانون میں سقم موجود ہے اسے ختم ہونا چاہیے ،حکومت معاملے کو دیکھے ‘عبدالعلیم خان

لاہور ( این این آئی) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما و سابق سینئر صوبائی وزیر عبدالعلیم خان نے ہائیکورٹ سے ضمانت منظور ہونے پر اللہ کا شکر ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ نیب قانون میں سقم موجود ہے اسے ختم ہونا چاہیے اور حکومت سے کہتا ہوں کہ وہ اس معاملے کو دیکھے ۔

پنجاب اسمبلی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عبدالعلیم خان نے کہا کہ آج اللہ تعالی نے مجھے سرخرو کیا ،پارٹی کارکنوں اور میرے لیے دعائیں کرنے والوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں ، مجھے فخر ہے کہ میں نے نئے پاکستان کے لیے کسی لالچ کے بغیر عمران خان کا ساتھ دیا ،میرا مقصد کوئی وزارت لینا ہرگز نہیں تھا ،روزے سے کہہ رہا ہوں کہ میرا لیڈر عمران خان ایماندار اور ملک کی امید ہے ۔انہوں نے کہا کہ میرے خلاف شواہد نہیں تھے تو سو دن کس جرم میں قید رکھا گیا ، نیب کو چاہیے کہ پہلے شواہد جمع کریں پھر گرفتار کریں اور پھر عدالت فیصلہ کرے کہ مجرم ہے یا نہیں ،نیب قانون میں سقم موجود ہے اسے ختم ہونا چاہیے ،حکومت سے کہتا ہوں کہ وہ اس معاملے کو دیکھے ۔علیم خان نے کہا کہ کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس ہونا چاہیے ،نیب قوانین سخت ہونے چاہئیں ۔

انہوں نے کہا کہ مجھے بتائیں مجھے کس بنیاد پر چار ماہ قید رکھا گیا، جنہوں نے میرے خلاف سازش کی اللہ انہیں بے نقاب کرےگا ،میں اپنا فیصلہ اللہ کی عدالت پر چھوڑتا ہوں ،وہی بہترین انصاف کرنے والا ہے ۔اس موقع پر صوبائی وزیر قانون ، پارلیمانی امور و بلدیات راجہ بشارت نے کہا کہ ہم ہائیکورٹ کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہیں،علیم خان شروع دن سے کہتے تھے نیب کے پاس کچھ مواد نہیں ،ہائیکورٹ کا فیصلہ انصاف پر مبنی ہے ۔انہوں نے کہا کہ وفاق اور ہر سطح پر نیب قوانین کو بہتر کرنے کے بارے میں سوچا جارہا ہے۔