لاہور ( این این آئی)پاکستان پیپلز پارٹی لاہور کے صدر حاجی عزیز الرحمن چن نے کہا ہے کہ پی پی پی سنٹرل پنجاب کے صدر قمرالزمان کائرہ کے جواں سال بیٹے کے انتقال پر لاہور تنظیم نے افطار پارٹیوں کا سلسلہ معطل کر دیا ہے ،لاہور تنظیم قمر الزمان کائرہ کے بیٹے کی وفات پر دلی افسردہ ہے اور کائرہ خاندان سے دلی ہمدردی اور اللہ تعالیٰ سے صبر جمیل عطاکرنے کے لئے دعا گو ہے ۔
علاوہ ازیں انہوں نے گیس کی قیمتوں میں اضافہ پر حکومت کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ حکومت نے آٹھ مہینوں میں قرضوں کے حصول کے سوا کچھ نہیں کیا عوام کا کوئی پرسان حال نہیں مہنگائی، بجلی اور گیس کی قیمتوں اور بے روزگاری میں اضافہ نے حکمرانوں کی نااہلی کا پردہ چاک کر دیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی عوام کے مسائل پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے اور ان پر قابو پانے کے لئے حکومت پر دباﺅ بڑھانے کے لئے ہر ممکن کوشش کرے گی۔ اس سلسلہ میں اپوزیشن جماعتوں کو متحد ہو کر کام کرنے کی ضرورت ہے ورنہ نااہل حکمران ملک کو مزید پیچھے دھکیل دیں گے۔