اسلام آباد(آئی این پی ) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کے ساتھ کوئی نیوکلیئر معاہدہ نہیں ہے، اسے پارلیمنٹ میں پیش کیا جائے، عوام کا تیل اتنا نکل گیا ہے کہ یہ ایکسپورٹ بھی ہو سکتا ہے،وزیر اعظم نے معیشت کو ایسی جگہ پہنچا دیا جو سب کے لیے چیلنج ہے،اسد عمر اپنی ناکامی کا اظہار کر چکے ہیں۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خورشید شاہ نے کہا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ پارلیمنٹ میں پیش کیا جائے، پارلیمنٹ میں نہیں لاتے تو اس کا مطلب ہے کہ آپ پارلیمنٹ کو کچھ نہیں سمجھتے۔
انہوں نے کہا کہ پہلے بجٹ آئی ایم ایف کی مشاورت سے بنتا تھا، اب بجٹ آئی ایم ایف خود بنا رہی ہے، یہ تبدیلی ہے، ایک طرف عمران خان تیل اور گیس نکلنے کے دعوے کر رہے ہیں، دوسری طرف مشیر کہہ رہا ہے 20 کروڑ ڈالر خرچ کر کے بھی کچھ نہیں نکلا۔پی پی رہنما نے مہنگائی کے حوالے سے طنز کرتے ہوئے کہا کہ عوام کا تیل اتنا نکل گیا ہے کہ یہ ایکسپورٹ بھی ہو سکتا ہے، ڈالر کے اوپر آنے سے قرضوں کا حجم بھی بڑھ گیا ہے، وزیر اعظم نے معیشت کو ایسی جگہ پہنچا دیا جو سب کے لیے چیلنج ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کے لیے ایک پیج پر ہونے کے علاوہ کوئی راستہ نہیں رہا، موجودہ حالات میں تمام سیاسی جماعتوں کو سر جوڑ کر بیٹھنا ہوگا، حکمرانوں کا ایجنڈا عوام کو تباہ و برباد کر کے حکومت کرنے کا ہے۔خورشید نے کہا کہ ڈالر کی اڑان ملکی معیشت پر ایک بہت بڑی ضرب ہے، معیشت کی خراب صورت حال حکومت کی ناکامی ہے، اسد عمر اپنی ناکامی کا اظہار کر چکے ہیں۔