سرگودھا(این این آئی)وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار سرگودھا پہنچ گئے جہاں انہوں نے مرکزی رمضان بازار شاہین چوک کا سر پرائز وزٹ کیاان کے ہمراہ صوبائی وزیر افرادی قوت انصر مجید نیازی،ڈپٹی کمشنر سلوت سعید اور دیگر افسران بھی تھے۔وزیراعلی نے سٹالوں کا معائنہ کیا اور خریداروں سے بات چیت کی۔ڈپٹی کمشنر نے رمضان بازار کے بارے بریفنگ دی۔وزیراعلی نے معیاری اور سستی وافر مقدار میں اشیاء ضروریہ کی فراہمی کو یقینی بنانے اور عوام کو بھر پور ریلیف دینے کی ضرورت پر زور دیا۔وزیراعلی رمضان بازار کا مکمل وزٹ کیا۔
وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ سستے رمضان بازار عوام کو ریلیف دینے کیلئے لگائے گئے ہیں۔وزیراعلی پنجاب نے سرگودھا رمضان بازار کا وزٹ کرتے ہوئے صارفین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مقدس مہینے میں مصنوعی مہنگائی کے ذمہ داروں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے عوام کو ریلیف دینے کیلئے اربوں روپے کا رمضان پیکیج دیا ہے۔سردار عثمان بزدار نے رمضان بازار سٹالوں پر اشیاء ضروریہ اور خردونوش کے معیار اور ریٹس کا جائزہ لیا۔ وزیر اعلی کو رمضان بازار کے بارے بریفنگ دی گئی۔وزیراعلی نے خریداروں سے بات چیت کرتے ہوئے حکومتی ریلیف کے بارے پوچھ کر اطمینان کا اظہار کیا اور انتظامیہ کو اشیاء کی وافر مقدار میں فراہمی اور عام مارکیٹ سے کم نرخوں پر فروخت کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ۔
وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار کی سرگودھا آمد کے سلسلہ میں،گندم خریداری مراکز، سرکٹ ہاﺅس، ڈسٹرکٹ جیل، ڈی ایچ کیو ہسپتال اور مرکزی رمضان بازار اور تھانوں سمیت شاہپور اور بھلوال میں سخت ترین سکیورٹی انتظامات کرلیے گئے تھے۔ذرائع کے مطابق وزیراعلی پنجاب کی سرگودھا میں سر پرائز وزٹ کے مقامات اطراف راستے بئیرئیر اور خاردار تاروں سے سیل کر دیئے گئے جس میں مرکزی رمضان بازار سے ملحقہ شہر کا واحد تفریحی گاہ کمپنی باغ میں بھی داخلہ بند اوردفتر میونسپل کارپوریشن کی شاہراہ کو سیل کر کے قریبی مارکیٹ اور دوکانیں بند کروا دی گئی۔
انسداد تجاوزات اور عملہ صفائی بھی متحریک رہا ۔شہر میں متعدد راستوں کو سیل کر کے ٹریفک کے لئے متبادل راستوں پر ڈال دیا گیا اور جگہ جگہ پولیس نفری تعینات اور رمضان بازار داخلہ راستوں پر واک تھرو گیٹ لگا کر کڑی چیکنگ جامعہ تلاشی کے بعد داخلہ کی اجازت رہی۔وزیراعلی پنجاب کی آمد کے لئے ضلعی انتظامیہ اور پولیس افسران کی دوڑیں لگی رہیں۔ریسکیو 1122 کو بھی چوکس اور الرٹ کر دیا گیا۔وزیراعلی کی سرگودھا،شاہپور،بھلوال آمد کے سلسلہ میں تمام محکمے اور ادارے متحرک رہے اور ضلع کے داخلی اور خارجی راستوں پر بھی کڑی چیکنگ کا عمل جاری رہا۔